ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی حدود میں 194عمارتیں خستہ حال،کسی بھی وقت گر سکتی ہیں، مالکان کو نوٹس جاری کرنے کے باوجود خالی کرنے کی کارروائی نہیں کی گئی

بی بی ایم پی حدود میں 194عمارتیں خستہ حال،کسی بھی وقت گر سکتی ہیں، مالکان کو نوٹس جاری کرنے کے باوجود خالی کرنے کی کارروائی نہیں کی گئی

Wed, 29 Sep 2021 12:18:56    S.O. News Service

بنگلورو، 29؍ستمبر(ایس او  نیوز)بروہت بنگلورو مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) حدود کے آٹھوں زونس میں سے5زونس میں اندازاً 194عمارتیں انتہائی خستہ حال ہیں جو کسی بھی وقت گر سکتے ہیں۔ بی بی ایم پی ذرائع کے مطابق شہر میں خستہ حال194عمارتوں کے مالکان میں سے77کو نوٹس جاری کر کے عمارتیں منہدم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اس کے باوجود اب تک کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتا یا کہ بی بی ایم پی نے 2019 میں ہی سروے کراتے ہو ئے 178خستہ حال عمارتوں کی فہرست تیار کر کے رپورٹ پیش کی تھی،لیکن کووڈ۔19کے پیش نظر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔بتا یاجا تا ہے کہ سٹی سنٹرل علاقہ کے جنوبی زون میں 38،مغربی زون میں 33، ایسٹ زون میں 53،یلہنکا زون میں 67اور مہا دیو پورہ زون میں 3عمارتیں سمیت194 خستہ حالی عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ لیکن بومنہلی،داسرہلی اور راجا راجیشوری نگر زونس میں بھی خستہ حال عمارتوں کا سروے جاری ہے اور ابتک عمارتوں کی تعداد کا پتہ نہیں چلا ہے۔بی بی ایم پی کے ایک افسر نے بتا یا کہ خستہ حال عمارتوں میں بسنے والوں کو فوراً محفوظ مقام منتقل کرانے بی بی ایم پی چیف کمشنر نے افسروں کو ہدایت دی ہے اور عمارتوں کی حالت کا جائزہ لینے اسٹرکچرل آڈٹ ماہرین کو نامزد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ رپورٹ آنے کے بعد نشاندہ عمارتوں میں مرمت کرتے ہو ئے بسیرا کرنے والی عمارتوں کے سوائے دیگر تمام کو منہدم کیا جا ئے گا اور اسٹرکچرل آڈٹ کے اخراجات بھی عمارتوں کے مالکان سے وصول کئے جا ئیں گے۔ یاد رہے کہ جولائی2019 میں شہر کے کاکس ٹاون میں ایک عمارت منہدم ہو نے سے4افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اسی سال ستمبر کو بنشنکری 7 ویں فیس کے پٹنہلی کے وویکا نندا کالونی میں سہ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی تھی جس کے بعد اس وقت کے بی بی ایم پی کمشنر انیل کمار نے خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کرنے افسروں کو ہدایت دی تھی۔


Share: